شجرۂ طیبہ
الہٰی سرخ رو گرداں بحق سورۂ يٰسٓ میاں ہادی عظیم احسان حق, حق آشناء حق بیں محمد مطلب،حضرت معینالدین، جمال الدین علاء الدین،نظام الدین،سعید الدین،قیام الدین بحق شاہ بدرالدین، معیزالدین، عضدالدین محمد حامد و شاہ محمدی و محب اللہ بہ شاہ بو سعید و شہ نظام الدین، جلال الدین بحق عبد قدوس و محمد عارف و احمد طفیل شیخ عبدالحق،جلال الدین،شمس الدین بحق شہ علاء الدین صابر زینت کلیر بہ اں شاہ اجودھن حضرت بابا فریدالدینبہ اں قطب سماء دین و ملت قطب دین خواجہ بحق خواجئہ صد خواجگان خواجہ معین الدین بہ اں شیخ طریقت خواجۂ عثمان ہارونی بہ آں حاجی شریف زندنی کن شرف دردیں
بہ حق خواجہ مودود چشتی با ابو یوسف محمد با ابو احمد ابو اسحاق شاہ دیں
بہ ممشاد و علاء و بو ہبیرہ با حذیفہ ہم بہ ابراھیم ادھم شہ فضیل پیشواۓ دیں
بحق خواجہ عبدالواحد و خواجہ حسن بصری بحق آں علی مرتضیٰ باب مکان دین
بحق خواجۂ عالم محمد مصطفیٰ مرسل قریشی را بکن محبوب در دنیا و ہم در دیں
مختصر تذکرہ حضرت سید شاہ عضدالدین محمد جعفری چشتی صابری متوکل امروہویؒ
ہندوستان میں۱۷؍ویں صدی عیسوی میں امروہہ چشتیت کا ایک اہم مرکز تھا۔ یہاں ندوۃالعارفین حضرت سیّد شاہ عبدالمجید صابری چشتی ؒ کی خانقاہ بندگانِ خدا کی روحانی تربیت کا سب سے بڑا مرکز تھی۔ جس کاشہرہ دور دور تک تھا۔شیخ الکبیر حضرت شا ہ محب اللہ الہ ابادی ؒ کے خلیفہ حضرت سیّد شاہ محمّدی فیّاض اکبرابادیؒ اپنے سفرِ حیات کے دوران سیّد شاہ عبدالمجید صابری چشتی ؒ کے خلیفہ و جانشین حضرت سید شاہ عبدالحکیم چشتی صابریؒ سے ملاقات کے لئے امروہہ تشریف لائے۔ دوسری بار ۱۶۵۸ء میں امروہہ کاسفر کیا۔اس دوران کچھ حضرات نے آپ سے بیعت و ارادت کا شرف بھی حاصل کیا ۔ تیسری بار حضرت سید شاہ عبدالحکیم چشتی صابریؒ کے انتقال ۱۶۶۰ء کے بعدامروہہ تشریف لائے تو اہلِ شہر آپکے ایسے گرویدہ ہوئے کہ باہمی صلاح ومشورے سے آپکا نکاہ حضرت شاہ فیض اللہ چشتی صابریؒ کی صاحبزادی مسماۃ صاحبِ دولت سے کرا دیا گیا۔ حضرت شاہ فیض اللہ چشتی صابریؒ شاہ عبدالمجید چشتی ؒ اور شاہ عبدالحکیم چشتی ؒ کے چھوٹے بھائی تھے۔اب آپ نے امروہہ میں اپنا مستقل قیام فرمایا ۔جس علاقے میں آپنے سکونت اختیار فرمائی وہ آج تک محمّدی سرائے کے نام سے امروہہ کے مغربی حصّہ میں موجود ہے۔حضرت سیّد شاہ سعد محمّد مکّی ؒ اور حضرت سیّد شاہ روشن مدنی ؒ آپ کے دو صاحبزادے ہوئے۔ افلاطون دندان صاحب قرابادین حکیم سیّد شاہ جلال الدین جعفریؒ حضرت سیّد شاہ سعد محمد مکّیؒ کے ہی صاحبزادے ہیں۔ جنکی بدولت روہیلکھنڈ طب یونانی کے معجزات سے واقف ہوا۔
حضرت سیّد شاہ حامد ہرگامی چشتی صابری ،حضرت سیّد شاہ محمّدی فیّاض چشتی صابری ؒ کے حقیقی بھائی تھے جو آپ سے ملاقات کے لئے امروہہ تشریف لائے تو آپ کا نکاہ حضرت سیّد شاہ فیض اللہ چشتی صابریؒ کی دوسری صاحبزادی سے ہوا۔ جن کے بطن سے شیخ العالم بندگی حضرت مولانا سیّد شاہ عضدالدین محمّد جعفری چشتی صابری ؒ ۲۸؍رجب المرجب۱۱۷۲ھ بمطابق ۱۰؍جنوری ۱۶۶۷ء کو امروہہ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم عربی و فارسی کی تکمیل کے بعدآپنے سنسکرت میں یدِ طولٰی حاصل کیا۔آپ ہمیشہ ہندوی زبان میں گفتگو کرنا پسند فرماتے۔آپ نے سنسکرت زبان میں وحدت ا لوجودپر ایک بڑی اہم تصنیف بھی لکھی تھی جسکا نام ستیہ سروور تھا ۔جس میں اللہ ربُّ العزّت کے اسماء عالیہ کی تشریح کی گئی تھی۔مگر تصوّف میں آپ کی سب سے اہم تصنیف مقاصد العارفین ہے ۔ جس میں نظریہ کمالات اسماء اور وحدت الوجود پر گراں مباحثہ پیش کئے۔ اس کے علاوہ آپکی ایک تصنیف قوّت الکلام ہے جو لغت کی دنیا میں اپنا ایک خاص مقام رکھتی ہے جس میں ایک لفظ کے معنی چار زبانوں میں موجود ہے۔جو چند سال پہلے ہی رضا لائبریری سے چھپ کر منظرِعام پر آئی ہے۔آپ کے صاحبزادے حضرت سیّد شاہ معیز الدّین جعفری چشتی صابری المعروف میاں موج ؒ ہیں۔جن کے اسمِ مبارک سے درگاہ اور خانقاہ مشہور ہوئی۔حضرت سیّد شاہ معیز الدین جعفری چشتی صابری المعروف میاں موجؒ بھی علوم ظاہری و باطنی میں نہایت بلند مقام رکھتے تھے۔آپکو نفسِ گیرا حاصل تھا یعنی جو زبان مبارک سے نکل جاتا پورا ہو جاتا تھا۔آپ ہندی بھاشا میں شاعری بھی کرتے تھے۔ کچھ ہی زمانے پہلے تک قوّال آپ کے کلام گایا کرتے تھے۔ حضرت سیّد شاہ عضدالدین محمد جعفری چشتی صابریؒ کے ایک اور خلیفہ ہوئے جنکا اسمِ گرامی حضرت شاہ عبدالہادی چشتی صابری ؒ ہے۔ حضرت سیّد شاہ عضدالدین محمد جعفری چشتی صابریؒ ہی کا فیضِ نظر تھا جس کی بدولت ہندوستان کے علماء اکرام کی کثیر تعداد سلسلۂ عالیہ صابریہ میں داخل ہوئی اور تمام دنیا میں حاجی امداداللہ مہاجر مکّی ؒ کے ذریعہ صابری سلسلہ کا فروغ ہوا۔ آپ کے بڑے فرزند حضرت مولانا سیّد شاہ بدرالدین جعفری چشتی صابریؒ ہیں۔ جنہوں نے علومِ ظاہری و باطنی کی تکمیل کے بعد اپنے اوقات کو ذکر و استقلال اور اعمال و وظائف سے معمور رکھا ۔ حضرت مولانا سیّد شاہ بدرالدین جعفری چشتی صابریؒ کے فرزند دلبند حضرت سیّد شاہ قیام ا لدّین جعفری چشتی صابریؒ ہیں۔ جن کی ولادت ۱۸۲۸ء کے لگ بھگ ہوئی تھی۔آپ کے حالات پرآپ کے مرید صوفی نوراللہ عیش صدیقی امروہوی نے ایک کتاب لکھی تھی جس کا نام صیقل القلوب تھا ۔جس میں حضرت سیّد شاہ جی قیام ا لدّین جعفری چشتی صابریؒ کی کرامات کو ان کے ہمعصروں کی زبان سے مرتب کیا گیا تھا۔
حضر ت سیّد شاہ قیام الدین جعفری چشتی صابری ؒ سالک مجزوب بزرگ تھے۔انھیں بھی اپنے اجداد کی طرح نفسِ گیرا حاصل تھا ۔جو فرماتے وہی من و عن آپ کے فرزند و جانشین حضرت سید شاہ سعیدالدین چشتی صابریؒ تھے۔ آپ لاولد ہی اس دنیا ئے فانی سے رخصت ہوئے۔ حضرت سیّد شاہ قیام الدین جعفری چشتی صابری ؒ کے دوسرے فرزند حضرت سیّد شاہ نطام الدین جعفری چشتی صابری ؒ تھے جن کے فرزند حضرت سیّد شاہ علاء الدین جعفری چشتی صابری ؒ تھے جو خاندانی وراث و جانشین ہوئے۔جو نہایت خوش مزاج اور خاندان کی جملہ خصوصیات کے وارث اور امین ہوئے۔ حضرت سیّد شاہ علاء الدین جعفری چشتی صابری ؒ کے بڑے فرزند حضرت سیّد شاہ جمال الدین چشتی صابری ؒ تھے ۔ لیکن آپ عین عالمِ جوانی میں ہی اپنے مالکِ حقیقی سے جا ملے۔ حضرت سیّد شاہ علاء الدین جعفری چشتی صابری ؒ کے چھوٹے فرزند حضرت سیّد شاہ معین الدین جعفری چشتی صابری المعروف بابو میاںؒ جانشین و صاحبِ سجادہ ہوئے۔جو نہایت خوش طبع ، نرم مزاج ، خوش اطوار ، نیک کردار ،ذاکر و شاغل اور کشف و شہود بزرگ تھے۔اس خاندان کے بزرگوں کی شان اور امتیاز توکّل ہے۔اور وہ شان آج بھی اسی طرح باقی ہے۔خانقاہ کی کوئی مستقل آمدنی نہ کبھی پہلے تھی اور نہ آج ہے لیکن عنایتِ ایزدی سے ملا کارخانہ کل بھی بڑی شان و شوکت کے ساتھ چل رہا تھا اورآج بھی جاری و ساری ہے۔ حضرت سیّد شاہ معین الدین جعفری چشتی صابری المعروف بابو میاںؒ کے تین صاحبزادے ہوئے۔سید محمّد مطلب جعفری،سیّد محمّد طاہر جعفری اور سیّد محمّدطیّب جعفری۔حضرت بابو میاںؒ کے وصال کے بعد آپکے بڑے فرزند ڈاکٹر سیّد شاہ محمد مطّلب جعفری چشتی صابری مدظلہ عالی مسندِ سجادگی پر رونق افروز ہیں۔آپ اپنے اسلاف کے سچّے وارث اور امین ہیں۔آپ کی ذاتِ بابرکت میں خاندانی توکّل کا امتیاز بدرجہ الہ موجود ہے۔انھیں سلسلہ کے متوسلین ہی نہیں شہر امروہہ میں ہر دل عزیزی اور مقبولیت حاصل ہے اور ہر شخص بے اختیار محبّت کرنے پر مجبور ہے۔
الغرض اس خانوادہ میں فقرو توکّل،کشف وشہود، انساں دوستی، شریعت وطریقت کی شان آج بھی جوں کی توں برقرار ہے۔اللہ ربّ العزّت کی بارگاہ میں دعا ہے کہ تا قیامت اسی طرح یہ شان و شوکت جاری و ساری رہے۔
آمین یا ربّ العالمین
از قلم۔۔سید ہادی عظیم جعفری
شجرہ طیبہ پیران چشت اہل بہشت
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
بابِ رحمت کھول دے یا رب گدا کے واسطے
ہاتھ اٹھاتا ہوں تیرے آگے دعا کے واسطے
فقر کی دولت عطا کر اے کریمِ کارساز
خاندانِ قادریہ چشتیہ کے واسطے
میں ہوں طالب ہر قدم تیری رضا کا اے خدا
شہ محمد مطلب (رح) حق آشنا کے واسطے
مجھکو آئینہ بنا خلق رسولِ پاک ﷺ کا
شہہ معین الدینؒ پیرِ با صفا کے واسطے
شہ جمال الدین فرزندِ علا ء الدین ؒ کی
دل میں الفت ہو محمّدمصطفٰے ؐ کے واسطے
مجھکو اپنے سایہ رحمت میں رکھ ربِّ جہاں
شہِ علاء الدین ؒ ظلِّ اولیاء کے واسطے
اپنی رحمت سے خدا وندا مجھے کر دے سعید
شہ سعید الدین ؒ سعید و با رضا کے واسطے
رکھنا تو اسلام پر قایم مجھے پروردگار
شہ قیام الدینؒ کامل با خدا کے واسطے
نورِ وحدت سے منوّر کر میرے قلب ودماغ
شاہ بدرالدینؒ بدرل اولیاء کے واسطے
ڈوبا دریائے الم میں پار کر بیڑا میرا
شہ معیزالدینؒ موجِ نہ خدا کے واسطے
پارسائی عشق کی اپنی عطا فرما مجھے
پیر عضدالدینؒ ہادی پارسا کے واسطے
راہ درویشی دکھا منزل طریقت کی بتا
رہبرِ دیں شاہ حامدؒ رہنما کے واسطے
فیض سے کر اپنے اب یا رب تو ہمکو فیضیاب
حضرتِ فیّاض ؒ فیضانِ خدا کے واسطے
دے ذلیل و خوار کو اپنی محبّت کا شرف
شہ محب اللہ ؒ محبِّ مصطفی کے واسطے
ہے یہ ہی میری سعادت تیرا ہوں میں جاں نثار
بو سعیدِ ؒ رہروِ ملکِ بقا کے واسطے
کر عطا در کی گدائی اپنی تو بندہ نواز
باخدا کامل نظام الدینؒ گداکے واسطے
یا خدا اب تو دکھا دے ہمکو تو اپنا جمال
مرشد و ھادی جلالِ با صفا کے واسطے
دل ہمارا اے خدا شرک و ریا سے پاک کر
عبدِ قدوسِؒ فقیرِ بے ریا کے واسطے
معرفت کا جام ہمکو بھی عنایت کیجیؤ
شاہ عارف عارف و مستِ خدا کے واسطے
غرق کر تو بہرِ عرفاں میں مجھے اب اے خدا
احمد عارفؒ پاک دامن پارسا کے واسطے
عشق میں تیرے رہے ہر وقت حق حق بر زباں
شاہ عبدالحق ؒ ولئی حق نما کے واسطے
مجھ پہ کر توحید کا عالم خدایا منکشف
شہ جلال الدینؒ موحد پر عطا کے واسطے
ذرّۂ ناچیز ہوں میں کر نظر تو مہر کی
شمس دین ترک شمس الاصفیاء کے واسطے
صابروں کے ساتھ یا رب میرا حشر و نشر ہو
بادشاہِ فخرِ صابر ؒ خوش ادا کے واسطے
مخزنِ ارفاں عطا کر اے کریمِ کارساز
حضرتِ گنجِ شکر ؒ لطف خدا کے واسطے
دستگیری کر خدایا اپنی رحمت سے میری
دستگیرِ قطبِ دینؒ خضرِ بقا کے واسطے
دین و دنیا میں میری امداد کرنا اے خدا
شہ معین الدینؒ امامِ چشتیہ کے واسطے
اپنے لطف و مہربانی سے مجھے مسرور کر
شاہ عثمانؒ صاحبِ لطف و عطا کے واسطے
پیدا کر دے پارسائی کا میرے اندر کمال
خواجہ حاجی شریفِؒ پارسا کے واسطے
اپنی الفت میں فنا کر کے عطا کر تو بقا
خواجہ مودود ؒ آشنائے کبریا کے واسطے
خواب میں مثلِ ذلیخہ تو دکھا دیدار کو
شاہ یوسفؒ خوش جمال و مہ لقا کے واسطے
ظلِّ الطافِ محمّد میں رہوں لیل و نہار
بو محمّدؒ سایہ ذاتِ خدا کے واسطے
گوہرِ مقصود میرا کر عطا اے ذالجلال
شیخ احمد چشتئی ؒ بہرِ سخا کے واسطے
تو بدل دے شامِ ہجراں میری روزِ عید سے
شہ ابو اسحاق ؒ شامی دلربا کے واسطے
اب تو بخشش کر تو اے جوّاد اے میرے کریم
شہ کریم الدین ؒ لقب حاجت روا کے واسطے
سرمۂ وحدت سے دے آنکھوں کو میری روشنی
بو ہبیرہ ؒ شاہ بصری پر ضیا کے واسطے
ظلمت و رشک و حسد کبر و ریا میں اب نہ رکھ
شاہ بدرالدین ؒ حضیفہ مہ لقا کے واسطے
دے وہ اپنے عشق کا سودا کے دنیا چھوڑ دوں
شاہ ابراہیم ادھمؒ بادشاہ کے واسطے
عرض کرتا ہوں تیری سرکار میں بندا نواز
فضل و رحمت کر فضیل ؒ پرعطا کے واسطے
عالمِ کثرت میں وحدت کر عطا واحد مجھے
حضرتِ واحد ؒ مواحد پر عطا کے واسطے
کر ولایت کا مجھے والی میرے پروردگار
شہ حسن بصری ؒ امام الاولیا ء کے واسطے
فقر میں درپیش جو مشکل ہو وہ اسان ہو
حضرتِ مولا علیؓ مشکل کشا کے واسطے
ہر گھڑی آغوشِ رحمت میں مجھے رکھ رحیم
رحمتِ عالم محمّد مصطفٰیﷺ کے واسطے
دین و دنیا کی مرادیں عیش کو دے اے خدا
اپنی ذاتِ لم یزل بے انتہا کے واسطے
عرس مبارک
ضرت سیّد شاہ عضدالدین محمد جعفری چشتی صابری المعروف متوکل امروہوی (رح)کا عرس ہر سال 28 - 27 رجب کومنایا جاتا ہے- 2018 میں یہ عرس 14-15 اپریل کو منایا گیا- عرس میں ملک کے الگ الگ شہروں سے زائیرین نے شرکت کی- عرس کی رسومات میں محفل میلاد (صلی علیہ وسلم)، نعت خوانی، قران خوانی، قل شریف، محفل سماع ، غلاف پوشی، اور لنگر کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر سید محمد مطلب جعفری چشتی صابری
سیّد محمّد طاہر جعفری
سید ھادی عظیم جعفری
ؒ سجادہ نشین درگاہ حضرت میاں موج